2 دسمبر 2014 - 17:22
ایٹمی مذاکرات میں بڑے نشیب وفراز ہیں: وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ ملت ایران کے حقوق کو تسلیم کیا جانا ہی ایٹمی مذاکرات میں کسی معاہدے کی واحد راہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے آج تہران میں ایٹمی سفارتکاری کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایٹمی مذاکرات میں تمام فریق اس بات پر متفق ہوچکے ہیں کہ ملت ایران کے ساتھ منطق اور تعاون سے ہی پیش آيا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایران کی مذاکرات کار ٹیم نے ایران کے بارے میں غلط تصورات کو ختم کرنے میں بڑی حدتک کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات میں بڑے نشیب وفراز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویانا مذاکرات مزید دو یا تین دن اور جاری رہتے تو کسی فریم ورک تک پہنچا جاسکتا تھا۔ انہوں نے نہایت گرانقدر رہنمائیوں پر رہبر انقلاب اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائياں ہماری ٹیم کے لئے مذاکراتی اصولوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ایٹمی پروگرام پرامن ہے اور ہر طرح کے معاہدے میں عالمی برادری کے تعاون سے نیز جدید ترین ایٹمی ٹکنالوجی کے استعمال سے اس پروگرام کو محفوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانوفوبیا ایک شکست خوردہ پالیسی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی کی استقامتی پالیسیوں سے ایران مزید محفوظ ہوگيا ہے۔ واضح رہے ایٹمی سفارتکاری کی کانفرنس ایران کی پالیٹکل سائنس اسوسی ایشن کے زیر منعقد ہوئي ہے۔ اس کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین شرکت کررہے ہیں۔

.......

/169